سوہاوہ میں 132کے وی گرڈ سٹیشن کا افتتاح
سوہاوہ : وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان اوروزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے سوہاوہ میں 132 کلوواٹ کے نوتعمیر شدہ گرڈسٹیشن کا افتتاح کردیا۔
۔یہ منصوبہ 39 کروڑ10 لاکھ روپے کی لاگت سے یہ گرڈ سٹیشن 32 کنال رقبے پر تعمیر کیاگیا ہے جس سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60، سوہاوہ اور اس کے اردگرد کے علاقوں کے 36000 صارفین کو کم وولٹیج اور بجلی کے تعطل کی تکلیف سے مستقل بنیادوں پر نجات ملے گی۔ اس گرڈ سٹیشن کو 500 کلو واٹ کے نیو روات گرڈ سٹیشن اور 132 کلو واٹ کالاگجراں (جہلم) گرڈ سٹیشن سے بجلی کی فراہمی ہوگی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے 3800میگاواٹ ملکی ایندھن سے پیدا ہونے والی نئی بجلی سسٹم میں شامل کی ہے،2018 سے 2022 تک یہاں غریب دشمن اور ترقی دشمن حکومت تھی جس کی نہ کوئی نیت تھی نہ کوئی صلاحیت تھی اور اس کا تباہی اور گالم گلوچ اورمخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کا ایجنڈا تھا، عوام اور پارلیمان کی طاقت سے وہ غریب دشمن اور ترقی دشمن حکومت چلی گئی ہے۔
ان کا کہنا کہ ملک میں موٹرویز اور سڑکوں کے منصوبوں سے عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئی ہے اور یہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سسٹم اور انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی تو بجلی کی قیمت میں بھی کمی ہوگی۔
اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے کہا کہ گرڈ سٹیشن منصوبے پروزیراعظم اور وزیر توانائی کے مشکور ہیں ،نواز شریف کے دورحکومت میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا، گزشتہ حکومت نے ایک میگاواٹ بجلی بھی سسٹم میں شامل نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں۔