وفاقی کابینہ میں القادر ٹرسٹ کا معاملہ آنے سے پہلے ہی اجلاس چھوڑ کے چلا گیا تھا ، شیخ رشید
راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق القادر ٹرسٹ کیس میں نیب میں جواب جمع کرادیا۔
شیخ رشید کے وکیل سردار شہباز خان نے سابق وزیر کی جانب سے جواب نیب میں جمع کرایا۔
شیخ رشید کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہےکہ وفاقی کابینہ میں القادر ٹرسٹ کیس کا معاملہ جب آیا تو وہ کابینہ اجلاس میں موجود نہیں تھے، کابینہ میں القادر ٹرسٹ کیس آئٹم آنے سے قبل کابینہ اجلاس چھوڑ کر چلا گیا تھا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے پاس القادر ٹرسٹ سے متعلق کوئی ثبوت یا انفارمیشن نہیں، یہ معاملہ جب کابینہ میں آیا تو اس وقت کے مشیر احتساب شہزاد اکبر کے ساتھ میرے تعلقات ٹھیک نہیں تھے۔