پی ٹی آئی کی بڑی سازش پکڑی گئی ،رانا ثناء اللہ
فیصل آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ انٹیلی ایجنسز نے ایک گفتگو پکڑی ہے جس میں ایک گھر پر حملہ کرنے، بندوں کو مارنے کے بعد الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگانے سے متعلق دو طرح کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
رات گئے ہنگامی پریس کانفرنس میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ قوی امکان تھا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات یہ ڈرامہ رچایا جاتا اس لئے قوم کو حقائق سے آگاہ کر رہا ہوں،اس گفتگو کے کرداروں کو واچ کیا گیا ہے، اس طرح کے ڈرامے کا مقصد حکومت، انٹیلی جنس ایجنسز کے حوالے سے عالمی میڈیا کو گمراہ کرنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ضروری سمجھا گیا کہ قوم کو شیطانی ڈیزائن سے آگاہ کیا جائے اور ان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے لایا جائے۔ 9مئی کو ان لوگوں نے شہداء کو دکھ اور غم سے دوچار کیا اور ایک ہیجانی کیفیت پیداکرنے کی ناکام کوشش کی، پوری قوم نے یکجہتی کے ساتھ اسے ناکام بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ ٹولہ نو مئی کو ناکام ہوا تو اس طرح کی سازشیں رچارہا ہے۔