ایس سی او وزراء خارجہ اجلاس ،بلاول بھٹو گوا روانہ

0

اسلام آباد : وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت کے شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل (CFM) کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

بلاول بھٹو زرداری آج کراچی سے براہ راست گوا روانہ ہو گئے ،روانگی سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے مختلف سیاسی شخصیات کو ٹیلی فون کر کے انہیں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے اپنے دورے کے بارے میں اعتماد میں لیا

وزیر خارجہ کو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل میں شرکت کی دعوت بھارتی وزیر خارجہ نے ایس سی او کے موجودہ سربراہ کے طور پر دی ہے
دفتر خارجہ کے مطابق اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر غور و خوض کرنے اور کچھ ادارہ جاتی دستاویزات پر دستخط کرنے کے علاوہ، وزرائے خارجہ کی کونسل 3-4 جولائی 2023 کو نئی دہلی میں ہونے والی 17ویں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ میٹنگ کے ایجنڈے اور فیصلوں کو حتمی شکل دے گا
وزرائے خارجہ کونسل میں ایس سی او کے ڈائیلاگ پارٹنرز بننے کے لیے بحرین، کویت مالدیپ، میانمار اور یو اے ای کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے ۔ وزیر خارجہ اس دوران دوست ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستان کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں چین، روسی فیڈریشن، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور بھارت شامل ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اہم مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور اچھی پڑوسیوں کے طور پر تعلقات کو فروغ دینا، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانا اور سیاست، تجارت اور معیشت، ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی، تعلیم، توانائی، نقل و حمل، سیاحت اور ماحولیاتی تحفظ وغیرہ کے شعبوں میں موثر تعاون کے لیے ایک فریم ورک تیار کرنا شامل ہے
پاکستان 2017 میں رکن بننے کے بعد سے شنگھائی تعاون تنظیم کی تمام سرگرمیوں میں فعال اور تعمیری طور پر حصہ لے رہا ہے تاکہ باہمی طور پر فائدہ مند طریقے سے کثیر شعبہ جاتی مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.