ایران۔امریکہ مذاکرات میں پاکستان کا مؤثر کردار، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ملاقات
اسلام آباد: آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ایران اور امریکہ مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرکے عالمی برادری میں اپنی ذمہ دار اور کلیدی ریاست کی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا پر اپنی امن پسند ساکھ ثابت کی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو مذاکرات کے مختلف مراحل، سفارتی کوششوں اور پاکستان کی ثالثی سے حاصل ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
انہوں نے اپنے آئندہ دورہ سعودی عرب اور ترکیہ کے بارے میں بھی بتایا، جس کا مقصد امن کے عمل کو مزید آگے بڑھانا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے خطے کی موجودہ صورتحال کو عالمی سلامتی، معیشت اور سیاست کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات وسیع پیمانے پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو امریکہ، ایران اور دیگر علاقائی و عالمی طاقتوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنا چاہیے تاکہ امن کے عمل کا تسلسل اور علاقائی ہم آہنگی یقینی بنائی جا سکے۔
صدر مملکت نے اس سفارتی پیش رفت پر وزیراعظم، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز اور دیگر ریاستی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کے درمیان مثالی ہم آہنگی اس کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
ملاقات میں رانا ثناءاللہ بھی شریک تھے، جبکہ صدر مملکت کی معاونت راجہ پرویز اشرف، شیری رحمٰن اور نیر حسین بخاری نے کی۔