فرانس کے صدر میکرون کا شہباز شریف کو فون، اسلام اباد مذاکرات کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

0

اسلام آباد: پاکستان اور فرانس نے لبنان میں جاری کشیدگی اور جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے فوری طور پر تشدد اور خونریزی روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق، وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے جمعرات کے روز ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ گفتگو خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر میکرون نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اسلام آباد میں متوقع امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی حمایت پر فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

دونوں رہنماؤں نے لبنان کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ فوری جنگ بندی اور تشدد کا خاتمہ خطے میں امن کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ آخر میں دونوں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.