نوجوانوں کی تعلیمی و فنی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے:شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی تعلیمی قابلیت میں اضافہ اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یہاں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی
۔ ملاقات کے دوران چیئرمین یوتھ پروگرام نے وزیراعظم کو پروگرام کی مجموعی کارکردگی، خصوصاً لیپ ٹاپ اسکیم سمیت مختلف جاری و مجوزہ منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور ان کی استعدادِ کار میں اضافہ قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔