پاکستان کی واشنگٹن ڈی سی فائرنگ واقعے کی شدید مذمت
اسلام آباد: پاکستان نے امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ کے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے جس میں مبینہ طور پر ایک افغان شہری ملوث ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں ایک امریکی سپاہی جاں بحق جبکہ دیگر افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے جاری بیان میں جاں بحق سپاہی کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جب کہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ساتھ امریکی حکومت اور عوام سے بھی گہرے دکھ اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق یہ واقعہ ’’ٹارگٹڈ دہشت گرد حملہ‘‘ اور امریکہ کی سرزمین پر ’’گھناؤنی کارروائی‘‘ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان بھی درجنوں ایسے حملوں کا سامنا کر چکا ہے جن کے واضح روابط افغانستان سے ملتے رہے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ واقعہ بین الاقوامی دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کو ظاہر کرتا ہے اور اس کے سدباب کے لیے عالمی سطح پر جامع اور مضبوط تعاون کی ضرورت ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ حملہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے ممکنہ دوبارہ اُبھار کی نشاندہی کرتا ہے، جس پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے۔
پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے امریکہ سمیت عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔