پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں،شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ پر ترک قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، دونوں ممالک معاشی، تزویراتی اور دفاعی تعاون میں مضبوطی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران ترک قیادت چٹان کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی قیادت میں پاک افواج کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کمال اتاترک نے جدید ترکیہ کی بنیاد رکھی جبکہ صدر رجب طیب اردوان آج ترقی، استقلال اور قیادت کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صدیوں پرانے مذہبی و ثقافتی رشتوں پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک ہر دکھ سکھ میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے دوران پاکستان کی بھرپور مدد کی، ہسپتال، تعلیمی ادارے اور گھر تعمیر کرائے۔ دونوں ممالک فلسطین، کشمیر اور قبرص جیسے عالمی امور پر ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔
تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ وزیراعظم نے موقع پر ترکیہ کے یومِ جمہوریہ کا کیک بھی کاٹا۔