وزیراعظم کا سعودی عرب کے مفتی اعظم کی وفات پر اظہار تعزیت
نیو یارک:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الشیخ کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الشیخ کی وفات نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے لمحہ غم ہے۔
وزیراعظم نے شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الشیخ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے جلیل القدر عالم دین تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی ترویج، شریعت مطہرہ کی توضیح اور امت کی رہنمائی میں صرف کی، ان کی مسلم امہ کے اتحاد کے لیے کاوشوں اور علمی بصیرت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دینی و علمی روایت میں مرحوم کی خدمات ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کے چھوڑے ہوئے علمی ورثے سے آنے والی نسلیں رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت برادر ملک سعودی عرب کے عوام اور سعودی قیادت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پوری سعودی قیادت و عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی دینی خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔