روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ،ترسیلات زر 5.966 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں
اسلام آباد : روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت ترسیلات زر کی آمد مارچ 2023 کے آخر تک بڑھ کر 5.966 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے تحت ترسیلات زر فروری کے آخر تک 5.811 ارب امریکی ڈالر تھی جو اب مارچ 2023کے آخر تک 5.966 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں ۔ مارچ کے مہینے کے دوران ترسیلات زر کی آمد 155 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی جو فروری میں 125 ملین ڈالر اور جنوری 2023 میں 110 ملین ڈالر تھی۔روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کا آغاز سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں کام کرنے والے کمرشل بینکوں کے تعاون سے کیا تھا۔یہ اکاؤنٹس لاکھوں غیر مقیم پاکستانیوں کو بینکنگ کے جدید حل فراہم کرتے ہیں،جس میں نان ریذیڈنٹ پاکستان اوریجن کارڈ (POC) ہولڈرز، جو پاکستان میں بینکنگ، ادائیگی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیاں شروع کرنا چاہتے ہیں۔پروگرام کے تحت رجسٹرڈ اکاؤنٹس کی تعداد بھی فروری 2023 میں 536,676 اکاؤنٹس سے فروری 2023 میں 12,769 اضافہ کے ساتھ 549,445 ہوگئی۔