وزیرِ اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نااہل ہو گئے
مظفرآباد : آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کو آزاد کشمیر کی ہائی کورٹ نے نااہل قرار دے دیا۔ منگل کوآزاد کشمیر ہائی کورٹ نے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی توہین عدالت کیس میں معافی قبول نہیں کی اور سزا سنا تے ہوئے نااہل کر دیا ہے۔عدالت نے وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔عدالت نے نئے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو لکھ دیا ہے۔آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیرِ اعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔تنویر الیاس کو اپنی تقاریر میں دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرنے پر آزاد کشمیر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے منگل کو طلب کیا تھا۔وہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، ان کے خلاف سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ صداقت حسین راجہ کی سربراہی میں فل بینچ نے کی۔