نجی فضائی کمپنی کی پرواز کے "مے ڈے” کال دینے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم
اسلام آباد :پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی سے لاہور جانے والی نجی فضائی کمپنی کی پرواز کے ‘مے ڈے’ کال دینے کے معاملے پر اعلی حکام نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے-
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ نجی ایئر لائن فلائی جناح کے کپتان نے لاہور کے قریب سات بجکر پندرہ منٹ پر کارگو کمپارٹمنٹ میں دھویں کا بتا کر ‘مے ڈے’ کال دی- ترجمان نے کہا کہ فلائی جناح کی پرواز ایف ایل 846 سات بجکر تئیس منٹ پر بحفاظت لاہور ایئرپورٹ اتر گئی، ایس او پی کے تحت ائیرپورٹ اتھارٹی کا فائر ڈیپارٹمنٹ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موقع پر موجود تھا، ترجمان نے کہا کہ تمام مسافروں اور عملہ کو جہاز کے ایمرجنسی انخلا کے نظام کے زریعہ بحفاظت باہر نکالا گیا، فائر ڈیپارٹمنٹ نے معائنہ کے بعد سات بجکر ستاون منٹ پر جہاز کو کلیئر قرار دیا- ترجمان نے کہا کہ
اعلی حکام نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے- دریں اثنا فلائی جناح کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ 23 ستمبر 2024 کو کراچی سے لاہور جانے والی پرواز 9P846 نے لاہور میں لینڈنگ کے وقت کارگو کے "مےڈے ” سموک الارم کا اشارہ دیا۔ معیاری حفاظتی پروٹوکول کے مطابق، فلائٹ کے عملے نے معیاری طریقہ کار پر عمل کیا اور ایئرپورٹ کو مطلع کیا اور جہاز تمام عملے اور مسافروں کے ساتھ لاہور میں بحفاظت اتر گیا۔ ہماری تکنیکی ٹیم اس وقت الارم کی وجہ کی شناخت کے لیے مکمل معائنہ کر رہی ہے۔ ہمیں اس تکلیف پر افسوس ہے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔