وزیر اعظم سے چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کے چیئرمین لو ژاؤہوئی کی ملاقات

0

بیجنگ :وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کے چیئرمین لو ژاؤہوئی نے ملاقات کی، ملاقات میں چین پاکستان کی منفرد اور پائیدار دوستی اور مشترکہ ترقی، اسٹریٹجک اعتماد اور باہمی فائدے سے چلنے والے عملی تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ سی آئی ڈی سی اے نے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف سے چائنہ انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کے چیئرمین لو ژاؤہوئی نے جمعرات کو بیجنگ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چائنہ انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کی بھرپور حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ لو ژاؤہوئی آپ نے پاکستان میں بطور سفیر اپنی زمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں. انہوں نے کہا کہ آپ نہ صرف پاکستان میں چین کے سفیر تھے بلکہ آپ پاکستان میں پاکستان کے بہترین دوست بھی تھے اور یہ جذبہ اب بھی قائم ہے۔
وزیراعظم اور چیئرمین سی آئی ڈی سی اے نے چین پاکستان کی منفرد اور پائیدار دوستی اور مشترکہ ترقی، اسٹریٹجک اعتماد اور باہمی فائدے سے چلنے والے عملی تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے ترقی اور سلامتی کے درمیان باہمی طور پر مضبوط تعلقات پر بھی تبادلہء خیال کیا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی آہنی علامت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت سماجی اقتصادی ترقی پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ دونوں اطراف کی عوام کی زندگیوں اور معاش کو بہتر بنانے کے لیے سی پیک کے فیز II میں تعاون کی یہ رفتار برقرار رہے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں اور عوام قدرتی آفات اور آفات کے وقت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کووڈ – 19 اور
2022 کے بعد کے سیلاب کی تعمیر نو اور پولیو ویکسین کی فراہمی کے beدوران ترقی پذیر ممالک اور خاص طور پر پاکستان کی مدد کرنے میں چائنہ انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کے اہم کردار کی تعریف کی۔چیئرمین سی آئی ڈی سی اے نے مختلف شعبوں میں چین پاکستان تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے ردعمل اور انسانی وسائل کی ترقی بشمول بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) اور گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کے تحت جاری منصوبوں میں دو طرفہ شراکت داری کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ ، وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.