الیکشن 90دن سے آگے چلے گئے ،نئ حلقہ بندیاں ہوں گی
اسلام آباد :الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے سرکاری اشاعت کے نتائج کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے شیڈول جاری کر دیا گیا۔
حتمی حلقہ بندیاں 14 دسمبر 2023 کو شائع کی جائیں گی۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات سے معاونت طلب کی ہے ، اس سلسلہ میں ضروری احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام انتظامی یونٹس کی حدود کو جمعرات 17 اگست سے منجمد کر دیا گیا ہے۔ ہر صوبے میں ڈی لیمٹیشن کمیٹیاں 21 اگست تک بنائی جائیں گی۔ ایڈمنسٹریٹو انتظامات 22 سے 31 اگست تک کئے جائیں گے۔ کمیٹیوں کی ٹریننگ یکم سے 4 ستمبر تک ہو گی۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کا ضلعی کوٹہ ڈی لیمٹیشن کمیٹیوں کو 5 سے 7 ستمبر کے دوران مہیا کیا جائے گا ۔ ڈی لیمٹیشن کمیٹیوں کی جانب سے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 8 ستمبر سے 7 اکتوبر تک جبکہ مجوزہ ابتدائی حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 9 اکتوبر کو ہو گی جبکہ ان پر کمیشن کے سامنے اعتراضات 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک دائر کئے جائیں گے جنہیں 10 نومبر سے 9 دسمبر تک نمٹایا جائے گا جس کے بعد حتمی حلقہ بندیوں کی اشاعت 14 دسمبر کو ہو گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ریونیو یونٹس کی حدود کو منجمد کر دیا گیا ہے، ان میں حلقہ بندیوں کی تکمیل تک کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکے گی۔ صوبائی حکومتوں ، وفاقی حکومت اور محکمہ شماریات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سنسز چارجز ، سنسز سرکلز اور سنسز بلاکس کے نوٹیفکیشن ، ان کے نقشہ جات، شہری علاقوں کے ماسٹر میپس ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کاپوریشنز، میونسپل کمیٹیز اور ٹائون کمیٹیوں کے سرکلز، بلاکس کے نقشہ جات، موضع ،دیہہ ، پٹوار سرکل، ٹپے دار سرکل سمیت تحصیل تعلقہ دیہی علاقوں سے متعلق ریونیو یونٹس کی فہرست ، اضلاع کے تازہ نقشے ، دریا ، نہریں، پہاڑ، پکی سڑکیں، ریلوے لائنزا ور پلوں سمیت دیگر معلومات الیکشن کمیشن کو فراہم کریں.