ہائی کورٹ کا شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم
راولپنڈی : لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا ۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی جانب سے ان کے وکلا نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے تھری ایم او کے تحت جاری نوٹیفیکیشن کو عدالت عالیہ میں چیلنج کرتے ہوئے فوری رہائی کی استدعا کی تھی جس پر عدالت عالیہ نے پٹیشن میں فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔
سماعت کے موقع پر لا آفیسر نے سرکار کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے جواب داخل کروانے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت میں ایک گھنٹے کا وقفہ کردیا جبکہ لا آفیسر کو حکومت سے پوچھ کر جواب دینے کی ہداہت کردی۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف اگر کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں۔ بعد ازاں وقفے کے بعد سماعت شروع ہونے پر عدالت نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی احکامات کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کردیا۔
شاہ محمود قریشی نظر بندی کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی ۔شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل فائزہ اسد اور تیمور ملک عدالت میں پیش ہوئے ۔ سماعت کے موقع پر جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔