پاکستان اکتوبر میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا،وزیراعظم

0

آستانہ:وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے کےعوام کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہے، ہمارے چیلنجز مشترکہ ہیں، مل کر ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے، ایس سی او ترقیاتی منصوبوں کے لئے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کار وضع کرے، افغانستان میں پائیدار امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے، افغانستان دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سر زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو ،ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی جائے،غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں ، پاکستان رواں سال اکتوبر میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، پاکستان ایس سی او کو متحرک تنظیم بنانے اور اہداف کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کرےگا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو یہاں شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل کے سربراہی اجلاس میں خطاب کرتےہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ سے مخاطب ہو کر خوشی ہو رہی ہے، آستانہ ایک خوبصورت شہر ہے، بہترین مہمان داری پر مشکور ہیں۔ گزشتہ ایک سال سے ایس سی او کی چیئر کی حیثیت سے قازقستان نے بہترین کردار ادا کیا۔ آئندہ سال کے لیے صدر شی جن پھنگ کو ایس سی او کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ایس ای او خطے کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے چیلنجز مشترکہ ہیں، ہمیں مل کر ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے، خطے کے روشن مستقبل کے لیے ہمیں جغرافیائی سیاسی محاذآرائی سے خود کوآزاد کرنا ہوگا ۔پاکستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے تجارت کی اہم گزرگاہ ہے، سی پیک کے ذریعے ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کی جانب گامزن ہے۔ ایس سی او ترقیاتی منصوبوں کے لیے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کار وضع کرے، ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایس ای او کا اقدام لائق تحسین ہے۔ بیلا روس کو ایس سی او میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہوگا، افغانستان میں پائیدار امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے، افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ بامعنی طور پر بات چیت کرنا ہوگی تاکہ وہاں کے عوام کے مسائل حل ہوں۔ افغانستان دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو، ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی جائے ۔ اسلامو فوبیا اور لسانیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے موجود ہیں۔ ہمیں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، پاکستان رواں سال اکتوبر میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔پاکستان ایس سی او کو متحرک تنظیم بنانے اور اہداف کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کرےگا.

Leave A Reply

Your email address will not be published.